21 اپریل 2015 - 11:14
عراق میں تیرہ مزید اجتماعی قبروں کا انکشاف

عراق کے صوبے صلاح الدین کے صدر مقام تکریت میں تیرہ مزید اجتماعی قبروں کا پتہ لگا یا گیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دس اجتماعی قبریں تکریت میں صدام کے صدارتی محلوں میں ملی ہیں جبکہ تین دیگر اجتماعی قبروں کا انکشاف، ان محلوں کے اطراف میں کیا گیا ہے- عراق کے انسانی حقوق کے وزیر نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ان اجتماعی قبروں سے برآمد کی جانے والی لاشیں، اسپائکر ایر بیس میں کئے جانے والے قتل عام سے متعلق ہیں- انھوں نے کہا کہ ، جیلوں میں قید دہشت گردوں سےاس وحشیانہ جرم کی بھینٹ چڑھنے والے دیگر افراد کی قبروں کے بارے مین معلوم کیا جائے گا- محمد مہدی البیاتی نے اعلان کیا ہے کہ عراق کی "وزارت انسانی حقوق" بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے اجتماعی قبروں کا انکشاف، ان قبروں سے لاشیں نکالنے اور ان کی شناخت کرنے کی کوشش کررہی ہے- واضح رہے کہ داعش تکفیری دہشتگرد گروہ نے عراق کے صوبے نینوا میں گذشتہ سال دس جون کو موصل پر قبضہ کرنے کے بعد صوبے صلاح الدین کے صدر مقام تکریت کے شمال میں فضائیہ کے اسپائکر بیس پر حملہ کرکے وہاں موجود سترہ سو کیڈٹوں کا بہیمانہ قتل عام کیا تھا- اس وحشیانہ جرم کی بھینٹ چڑھنے والے بہت سے افراد کی ابھی تک لاشیں تک نہیں مل سکی ہیں-

.......

/169